وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کا ٹیلی فونک رابطہ، کینیڈین وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی، جن کے نتیجے میں عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور امریکا و ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات کا انعقاد پاکستان میں ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت اور توثیق کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دونوں فریقین کو جنگ بندی برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کی جانب راغب کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور کینیڈا کے باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں، خصوصاً زراعت، صاف توانائی، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے اور کینیڈین سرمایہ کاری میں اضافے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کینیڈا کے وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جسے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں بھی قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی جائے گی تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جا سکیں۔