اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے ایرانی اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عالمی بحری آمد و رفت کے لیے اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی جہازوں کے لیے کھولنا درست سمت میں ایک بڑا قدم ہے، جس سے نہ صرف عالمی تجارت کو سہولت ملے گی بلکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے حقوق کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے اور تمام فریقین کو اس اصول کی پاسداری کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :دنیا خطرے میں، خوراک کی قلت کا بڑا طوفان آنے والا؟ اقوام متحدہ کی سنگین وارننگ جاری
انتونیو گوتریس نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سہولت کاری جاری مذاکرات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
سیکرٹری جنرل کے مطابق جنگ بندی کے ساتھ یہ اقدام فریقین کے درمیان اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور امید ہے کہ اس سے خطے میں امن کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
۔

