پاکستان میں سست انٹرنیٹ پر بڑا ایکشن، پی ٹی اے کی سروس بہتر بنانے کی ہدایت

پاکستان میں سست انٹرنیٹ پر بڑا ایکشن، پی ٹی اے کی سروس بہتر بنانے کی ہدایت

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں (آئی ایس پیز) کو فوری بہتری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

یہ فیصلہ 2026 کی پہلی سہ ماہی کی کوالٹی آف سروس (کیواوایس) رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت 31 بڑے شہروں میں انٹرنیٹ مسائل کی نشاندہی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان انٹرنیٹ رپورٹ میں نیا ٹیل سب سے آگے، مگر ڈیٹا نامکمل

پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف براڈبینڈ سروس فراہم کرنے والوں کا جائزہ اہم کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) کی بنیاد پر لیا گیا، تاکہ صارفین کو ملنے والی سروس کے معیار اور نیٹ ورک کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زیادہ تر کمپنیوں کی کارکردگی بنیادی معیار جیسے نیٹ ورک دستیابی، جِٹر اور لیٹنسی کے حوالے سے تسلی بخش رہی۔ تاہم، کچھ علاقوں میں واضح خامیاں سامنے آئیں جہاں صارفین کو سست رفتار اور خراب کنیکٹیوٹی کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سست انٹرنیٹ سے پریشان ہیں ؟ بڑی خوشخبری آگئی

پی ٹی اے کے مطابق خاص طور پر رش کے اوقات میں انٹرنیٹ کے زیادہ استعمال کی وجہ سے نیٹ ورک پر دباؤ بڑھ جاتا ہے جس سے رفتار کم ہو جاتی ہے اور صارفین کا تجربہ متاثر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مقامی اور بین الاقوامی کنیکٹیویٹی میں بھی زیادہ لیٹنسی ریکارڈ کی گئی، جو نیٹ ورک انفراسٹرکچر اور روٹنگ کے مسائل کی نشاندہی کرتی ہے۔

صورتحال کے پیش نظر پی ٹی اے نے تمام متعلقہ کمپنیوں کو فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ سروس کا معیار بہتر بنایا جا سکے اور مقررہ (کیواو ایس) معیارات پر عمل یقینی ہو۔

پی ٹی اے نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ملک بھر میں براڈبینڈ سروس کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا اور صارفین کو بہتر انٹرنیٹ تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ مکمل رپورٹ پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر عوام کے لیے دستیاب ہے۔

editor

Related Articles