ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا متوقع اسمارٹ فون آئی فون20 2027 میں لانچ ہونے جا رہا ہےاور میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کمپنی کا اب تک کا سب سے مہنگا فون ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایپل اس بار ایک بڑی ڈیزائن تبدیلی متعارف کروانے کی تیاری کر رہا ہے۔ نئے آئی فون میں کواڈکروڈ اسکرین دیے جانے کا امکان ہےجو چاروں اطراف سے خم دار ہوگی اور ایک نئے’’ لیکویڈ گلاس‘انٹرفیس کے ساتھ مل کر بغیر کناروں ’بیزل لیس ‘جیسا تجربہ فراہم کرے گی۔
تاہم اس جدید ڈسپلے کی تیاری آسان نہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اس ٹیکنالوجی پر صرف ایک بڑی کمپنی کام کر رہی ہے جس کے باعث لاگت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق او ایل ای ڈی ڈسپلے کی سپلائی کے لیے ایپل ایک ہی کمپنی پر انحصار کرے گا اور وہ کمپنی ہے سام سنگ اس خصوصی معاہدے کے باعث ایپل کو زیادہ قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ایپل کے سی ای او ٹم کک پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ کمپنی کے ڈی ریم ذخائر کم ہو رہے ہیں، جو قیمت میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔
2017 میں آئی فون ایکس بھی اسی طرح مہنگا ہوا تھا جب او ایل ای ڈی اسکرین کے لیے صرف سام سنگ سپلائر تھا۔ اس وقت فی اسکرین لاگت 110 سے 120 ڈالر تک پہنچی تھی، جس کے باعث فون کی قیمت 1000 ڈالر سے اوپر گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بار بھی وہی صورتحال بن سکتی ہے جہاں سام سنگ واحد سپلائر ہوگا جبکہ ایل جی محدود کردار ادا کرے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تمام عوامل برقرار رہے تو آئی فون 20 نہ صرف ڈیزائن کے لحاظ سے منفرد ہوگا بلکہ قیمت کے لحاظ سے بھی نئی حد مقرر کر سکتا ہے، جس سے یہ فون عام صارف کی پہنچ سے دور ہو سکتا ہے۔