بھارت کے پہلگام واقعے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مبنی ڈاکیومنٹری فلم “معرکۂ حق” جاری کر دی گئی ہے، جس میں بھارتی مؤقف اور پاکستان کے ردعمل کو تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔
تقریباً 27 منٹ اور 51 سیکنڈ دورانیے پر مشتمل اس ڈاکیومنٹری کو مستند معلومات اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔
فلم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پہلگام واقعے سے متعلق بھارتی بیانیہ حقائق اور شواہد کے معیار پر پورا نہیں اترتا، جبکہ پاکستان نے اپنے خلاف لگائے گئے دہشت گردی کے الزامات اور مبینہ کیمپوں کے دعوؤں کو مختلف شواہد کے ذریعے مسترد کیا۔
ڈاکیومنٹری میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی عوام کے بعض حلقوں نے بھی مودی حکومت کے بیانیے پر سوالات اٹھائے۔
فلم میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قومی یکجہتی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی قوم کے حوصلے اور اتحاد کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
’’معرکۂ حق‘‘سوشل میڈیا اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔