آل صدر الائنس کے تاجروں نے شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر کاروباری اوقات میں توسیع کے لیے وزیراعلیٰ کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت مارکیٹیں رات نو بجے بند ہو رہی ہیں، تاہم تاجروں کا مؤقف ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال میں یہ وقت کاروباری سرگرمیوں کے لیے مناسب نہیں رہا، دن کے اوقات میں شدید گرمی کی وجہ سے گاہکوں کی آمد کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
آل صدر الائنس نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ دکانوں کو رات 9بجے کے بجائے10 بجے بند کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ شام کے وقت نسبتاً بہتر موسم میں کاروباری سرگرمیاں بحال رہ سکیں اور تاجروں کو معاشی نقصان سے بچایا جا سکے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ خاص طور پر عید سے قبل خریداری میں اضافہ ہوتا ہے، لیکن دن کے وقت شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے یہ سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، اس لیے دکانوں کے اوقات کار میں توسیع ناگزیر ہو چکی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو تاجروں نے کاروبار دوست اقدام قرار دیا ہے اور اس موجودہ صورتحال میں مزید ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو سہارا دیا جا سکے۔
آل صدر الائنس 45 بڑی مارکیٹس اور ہزاروں دکانوں کی نمائندہ تنظیم ہے اور اس کے مرکزی رہنماؤں کے دستخط شدہ خط کو وزیراعلیٰ ہاؤس ارسال کیا گیا ہے، جس میں صورتحال کے مطابق فوری غور کی درخواست کی گئی ہے۔