پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان اور خوست کے متاثرہ خاندانوں کیلئے بڑی مالی امداد جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے جولائی اور اگست 2025 کے بقایا جات کی مد میں متاثرین کیلئے 71 کروڑ 86 لاکھ 35 ہزار 200 روپے جاری کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کرلیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق مجموعی طور پر 17 ہزار 788 متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد اور فوڈ راشن فراہم کیا جائے گا، ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے جبکہ اس کے علاوہ 8 ہزار روپے مالیت کا ماہانہ فوڈ راشن بھی فراہم کیا جائے گا،حکام کے مطابق امدادی رقوم کی ادائیگی موبائل سمز کے ذریعے کی جائے گی تاکہ فنڈز کی شفاف اور براہِ راست منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے۔
مراسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ امدادی فنڈز کی تقسیم کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے، واضح کیا گیا ہے کہ یہ امدادی رقم صرف جولائی اور اگست 2025 کے عرصے کیلئے مختص ہے جبکہ غیر تقسیم شدہ رقم اور سروس چارجز 60 روز کے اندر واپس جمع کروانا ہوں گے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو تمام ریکارڈ اور آڈٹ تفصیلات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے،حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی معاشی مشکلات کم کرنا اور انہیں بروقت بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔