ضلع مہمند کے علاقے حلیم زئی نا صافی میں سی ٹی ڈی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خوارجی سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کے دوران پی ٹی ایم کارکنان اور کچھ مقامی افراد نے گرفتاری روکنے کے لیے ہنگامہ آرائی کی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کی سہولت کاری میں ملوث ایک شخص احمد شیر ولد نور شیر کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملزم کے ساتھیوں اور پی ٹی ایم کارکنان نے گرفتاری رکوانے کے لیے ڈنڈوں اور پتھروں کے ساتھ احتجاج اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہنگامہ کرنے والوں کو منتشر کر کے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اس قسم کی کارروائیاں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، جبکہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن عزمِ استحکام کے تحت خوارجیوں اور ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے، اور انہیں کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔