محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرمی پڑنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، شہریوں کو دھوپ سے بچنے اور پانی زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، ان علاقوں میں موسم میں اچانک تبدیلی آ سکتی ہے جبکہ بعض مقامات پر درمیانی سے تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ، ان علاقوں میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم و مرطوب رہے گا۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت74 فیصد ہے، جنوب مغرب سمت سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے ، اگرچہ کچھ علاقوں میں بارش کی پیشگوئی سے وقتی ریلیف ملنے کی امید ہے۔