وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ریاستِ قطر کے وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ٹیلی فون پر تفصیلی رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال، عالمی حالات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی چیلنجز کے تناظر میں قریبی رابطے اور مسلسل مشاورت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ مشترکہ مفادات کا بہتر طور پر تحفظ ممکن ہو سکے اور خطے میں استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قطری وزیرِ اعظم کے درمیان ہونے والی گفتگو نہایت خوشگوار، دوستانہ اور مثبت ماحول میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے مؤقف کو سنا اور مختلف اہم امور پر ہم آہنگی کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے قطر کی قیادت کے تعمیری اور مؤثر کردار کو سراہا اور اس سلسلے میں ان کی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔
وزیرِ اعظم نے قطری قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی صحت و سلامتی اور کامیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امیرِ قطر کا آئندہ سرکاری دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ سطحی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ابھرتے ہوئے چیلنجز کا بروقت اور مؤثر انداز میں مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے،دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی اور باہمی تعاون کو ہر ممکن سطح پر فروغ دیا جائے گا۔