اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چین کے نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کی قیادت میں آنے والا یہ وفد پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک نے اعتماد، تعاون اور دوستی کی ایک مضبوط مثال قائم کی ہے، انہوں نے اس موقع پر چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک “گیم چینجر” قرار دیا اور اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لیے حکومت کے پختہ عزم کو دہرایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورہ چین کے منتظر ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
چینی وفد کے سربراہ تسائی دافنگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے،انہوں نے کہا کہ چین علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔