وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اہم اجلاس، کوئٹہ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش

وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اہم اجلاس، کوئٹہ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک خصوصی اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کوئٹہ چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس میں آئی جی بلوچستان پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی،اجلاس میں معصوم شہریوں پر ہونے والے بزدلانہ اور وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی جبکہ شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کوئٹہ چمن پھاٹک دھماکہ بزدلانہ کارروائی،بھارتی پراکسیز نے بے گناہ عوام کو نشانہ بنایا ،مینا مجید بلوچ

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں بلوچستان کے ساتھ کھڑے رہنے پر وفاقی وزیر داخلہ کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے خون کی مقروض ہے اور اس واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :دشمن کو دُنیا میں قیام امن کی پاکستانی کوششیں ہضم نہ ہوئیں، پاکستان کا ابھرتا ہوا عالمی قد، کوئٹہ چمن دھماکہ ازلی دشمن کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ

زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کی خود نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں فوری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں،اجلاس میں آئی جی بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی اور واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ اور سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔

editor

Related Articles