تیز ترمعاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،شہباز شریف

تیز ترمعاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، معاشی ترقی، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور آئندہ بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز وزیراعظم کے سامنے پیش کیں،وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی مسلسل اور مربوط کوششوں کے باعث ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے اور اب توجہ تیز رفتار معاشی ترقی کے حصول پر مرکوز ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صنعتی ترقی، پیداوار میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ہدف کو حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ کاوشوں سے یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے وفاقی ادارۂ محاصل کو ہدایت کی کہ پندرہ جون تک ٹیکس واپسی کے تمام زیر التوا مقدمات نمٹائے جائیں تاکہ کاروباری طبقے کو درپیش مالی مشکلات کم ہو سکیں،انہوں نے اس بات کا بھی خیرمقدم کیا کہ برآمدی شعبے کے لیے برآمدی مالی معاونت اسکیم کی شرح جون دو ہزار ستائیس تک ساڑھے چار فیصد پر برقرار رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات، سیکیورٹی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کیا جائے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے گجرات میں پاسپورٹ دفتر قائم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے کی ترقی حکومت کے معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور اس شعبے کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کے ذریعے برقی گاڑیوں کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں تاکہ ملک میں جدید صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

وفد نے وزیراعظم، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی جانب سے امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی مضبوطی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفد نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کی اسکیم کا خیرمقدم بھی کیا اور اسے عوام کے لیے ایک مثبت اور فلاحی اقدام قرار دیا۔

editor

Related Articles