سینیٹ کی کارروائی اب موبائل پر، نئی ایپ جلد لانچ ہوگی

سینیٹ کی کارروائی اب موبائل پر، نئی ایپ جلد لانچ ہوگی

سینیٹ سیکریٹریٹ نے ادارہ جاتی جدیدکاری اور ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے سینیٹرز کے لیے ایک جامع موبائل ایپلی کیشن متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ اقدام چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد سینیٹ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ، مؤثر اور ماحول دوست ادارہ بنانا ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق ایپلی کیشن مقامی وسائل اور ادارے کے اندر موجود فنی مہارت کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اینڈرائیڈ صارفین ہو جائیں تیار، واٹس ایپ میں بڑی تبدیلیاں آنے والی ہیں

پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں سیکریٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے چیئرمین سینیٹ اور کمیٹی اراکین کو ایپلی کیشن کی تیاری، اہم خصوصیات اور متوقع فوائد سے آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ منصوبہ سینیٹ سیکریٹریٹ میں ای آفس نظام کے نفاذ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن سے دفتری امور میں تیزی آئے گی، کاغذی کارروائی میں کمی ہوگی، شفافیت بڑھے گی اور سرکاری معلومات تک فوری رسائی ممکن ہو سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں :جاز کی طرف سے صارفین کی آگاہی کے لیے اہم پیغام جاری

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف انتظامی تاخیر کم ہوگی بلکہ کاغذ کے استعمال میں کمی کے باعث ماحولیات کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔

سیکریٹری سینیٹ کے مطابق صارف دوست موبائل ایپلی کیشن سینیٹرز کو اپنے موبائل فونز کے ذریعے پارلیمانی امور اور سرکاری معلومات تک محفوظ اور آسان رسائی فراہم کرے گی۔

ایپلی کیشن کے ذریعے سینیٹرز کو سینیٹ اجلاسوں کی کارروائی، قانون سازی سے متعلق امور، کمیٹیوں کی معلومات، سرکاری نوٹیفکیشنز، پارلیمانی دستاویزات، شیڈولز اور دیگر اہم معلومات تک ریئل ٹائم رسائی حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :مرحوم افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز فوری بلاک یا منتقل کرائیں، پی ٹی اے کی ہدایت

حکام کا کہنا ہے کہ ایپلی کیشن کو سیکیورٹی، آسان استعمال اور بہتر رسائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے تاکہ سینیٹرز کو جدید اور مؤثر ڈیجیٹل تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ توقع ہے کہ اس سے سینیٹ کے اندر رابطوں، معلومات کے تبادلے اور دفتری امور کی انجام دہی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے منصوبے پر کام کرنے والے سینیٹ سیکریٹریٹ کے افسران اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے ڈیجیٹل طور پر بااختیار سینیٹ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں :گھروں کی چھتیں کم پڑ گئیں,ڈیرہ غازی خان سولر سٹی بننے لگا

اجلاس کو بتایا گیا کہ سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کا باقاعدہ افتتاح جلد کیا جائے گا، جبکہ سینیٹرز کو ایپ کے استعمال اور مختلف فیچرز سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی تربیتی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سینیٹ سیکریٹریٹ جدید طرز حکمرانی، ٹیکنالوجی اور پائیدار انتظامی اصلاحات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ پارلیمانی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

اجلاس میں سینیٹر ناصر محمود بٹ، عامر ولی الدین چشتی، عبدالقادر، ثمینہ ممتاز زہری اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

editor

Related Articles