بلال سعید نے لندن میں شوٹنگ کے دوران وائرل ہونے والی ویڈیو پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو سخت الفاظ میں مخاطب کیا ہے۔
بلال سعید ان دنوں گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ لندن میں اپنے نئے میوزک پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں دونوں فنکاروں کی لندن کی سڑکوں پر مداحوں کے ساتھ ملاقات اور سیلفیاں لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے آئمہ بیگ کے لباس پر تنقید کی، جبکہ کچھ افراد نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ دونوں فنکار مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے۔
ان قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے بلال سعید نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ لندن میں اپنے نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ کر رہے تھے اور وائرل ہونے والی ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
بلال سعید نے کہا، ’’اگر آپ ویڈیو کو غور سے دیکھیں تو ہمارے ہاتھوں میں کافی کے کپ موجود ہیں۔ اگر آس پاس کچھ لوگ شراب پی رہے ہوں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم بھی شراب نوشی کر رہے تھے۔ کیا کسی نے مجھے الٹیاں کرتے یا ایسی کوئی حرکت کرتے دیکھا ہے؟‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر بغیر ثبوت الزامات لگانا مناسب نہیں، اور لوگوں کو حقائق جانے بغیر کسی کی کردار کشی سے گریز کرنا چاہیے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر بلال سعید نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا،’’ہمیں یہ نہ سکھائیں کہ پاکستان کی نمائندگی کیسے کرنی ہے۔ ہم برسوں سے اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔‘‘