لاہور میں معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ مزنگ میں سی ٹی ڈی کراچی کے اہلکار دوست محمد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ جان سے مارنے کی دھمکیوں اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مدعی کا کہنا ہے کہ اس کی کاشف ضمیر سے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی، جس کے بعد ملزم نے اسے بیرون ملک بھجوانے کا وعدہ کیا۔
مدعی نے الزام عائد کیا ہے کہ بیرون ملک بھیجنے کے نام پر اس سے ایک لاکھ 94 ہزار روپے وصول کیے گئے، تاہم نہ تو وعدہ پورا کیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق اسی معاملے سے متعلق فراڈ کا مقدمہ پہلے ہی تھانہ گلبرگ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں زیرِ سماعت ہے۔
مدعی کا مؤقف ہے کہ کاشف ضمیر اس پر پہلے سے درج فراڈ کا مقدمہ واپس لینے کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہا تھا۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم نے فون پر گالم گلوچ کی اور مقدمہ واپس نہ لینے کی صورت میں سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید کارروائی شواہد اور تفتیش کے نتائج کی روشنی میں عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ مقدمے میں عائد کیے گئے الزامات تاحال مدعی کے مؤقف پر مبنی ہیں، جن کی تصدیق عدالت یا تحقیقاتی اداروں کی جانب سے ہونا باقی ہے۔