چوری کا سامان بیچنے آیا چور متاثرہ شخص کی دکان پر ہی پکڑا گیا

چوری کا سامان بیچنے آیا چور متاثرہ شخص کی دکان پر ہی پکڑا گیا

بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک چور اپنی ہی غلطی کے باعث اس وقت قانون کی گرفت میں آ گیا جب وہ چوری کیا گیا سامان فروخت کرنے کے لیے متاثرہ شخص کی ہی دکان پر پہنچ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ضلع دھنباد کے علاقے بالیاپور میں پیش آیا، جہاں ایک ہفتہ قبل مقامی رہائشی سادھو پال کے گھر میں چوری ہوئی تھی۔ واردات کے دوران 4 پنکھے، 1پانی کی موٹر اور دیگر قیمتی سامان چوری کر لیا گیا تھا۔متاثرہ شخص نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی، تاہم ایک ہفتے تک نہ ملزمان کا سراغ مل سکا اور نہ ہی چوری شدہ سامان برآمد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :لاٹری خریدنے سے پہلے تحقیق، پھر قسمت نے بھی ساتھ دے دیا

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے بعد ملزم یہ سمجھ کر کہ معاملہ ٹھنڈا پڑ چکا ہے، چوری کی گئی پانی کی موٹر فروخت کرنے کے لیے اسی مارکیٹ میں پہنچ گیا جہاں متاثرہ شخص کی دکان بھی موجود تھی۔

اتفاق سے اس وقت دکان پر سادھو پال کے بجائے ان کے بھائی موجود تھے۔ انہوں نے فروخت کنندہ سے کہا کہ شام کو دوبارہ آئے، کیونکہ ان کے بھائی سیکنڈ ہینڈ واٹر پمپ خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :برطانیہ میں دنیا کے سب سے بڑے جیک پاٹ گیم پاور بال کا آغاز

شام کو جب ملزم دوبارہ دکان پر آیا اور کپڑے میں لپٹی موٹر نکالی تو سادھو پال نے اسے فوراً اپنی چوری شدہ موٹر کے طور پر پہچان لیا۔ انہوں نے خاموشی سے اپنے بھائی کو اطلاع دی اور ملزم سے موٹر کے بارے میں سوالات کرنے لگے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جب ملزم سے موٹر کی ملکیت کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ گھبرا گیا اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم مارکیٹ میں موجود دیگر دکانداروں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

بالیاپور تھانے کے انچارج کا کہنا ہے کہ اس چوری کا مقدمہ پہلے ہی درج تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے اپنے ساتھیوں کے نام بھی بتا دیے ہیں، جبکہ پولیس دیگر ملزمان کی گرفتاری اور باقی چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔

editor

Related Articles