میکسیکو کی معروف بیوٹی انفلوئنسر اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر ایڈریانا گارشیا کاسمیٹک سرجری کے دوران پیش آنے والی طبی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 30 سال تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈریانا گارشیا کا منگل کے روز ریاست سینالووا کے ایک نجی کلینک میں کاسمیٹک آپریشن کیا جا رہا تھا، تاہم دورانِ سرجری اچانک طبی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں اور انہیں بچایا نہ جا سکا۔
واقعے کے بعد مقامی حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ تاحال جاری نہیں کی گئی، جبکہ سرجری کے دوران پیش آنے والے تمام حالات، طبی طریقۂ کار اور ممکنہ غفلت سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایڈریانا گارشیا بیوٹی ٹپس، میک اپ، فیشن اور لائف اسٹائل سے متعلق مواد کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں۔ ان کے انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر 90 ہزار سے زائد فالوورز موجود تھے، جہاں ان کی ویڈیوز اور پوسٹس کو بڑی تعداد میں پسند کیا جاتا تھا۔
ان کے انتقال کی تصدیق اس میکسیکن کمپنی نے بھی کی ہے، جس کے ساتھ وہ بطور بیوٹی انفلوئنسر وابستہ تھیں۔ خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایڈریانا گارشیا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ متعدد افراد نے کاسمیٹک سرجری کے دوران حفاظتی اقدامات اور طبی معیار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔