گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی کنٹری گلوکار ٹریس ایڈکنز نے اپنی زندگی کے ایک ہولناک واقعے سے متعلق برسوں بعد تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اپنی سابقہ اہلیہ کی چلائی گئی جان لیوا گولی سے معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔
64 سالہ ٹریس ایڈکنز نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران اپنی 4 شادیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 1994 میں ان کی دوسری اہلیہ جولی کرٹس کے ساتھ جھگڑے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
گلوکار کے مطابق ان کی سابقہ اہلیہ غصے میں تھیں اور مسلسل انہیں گھر چھوڑنے کا کہہ رہی تھیں، لیکن جب انہوں نے جانے سے انکار کیا تو انہوں نے نہایت قریب سے پستول تان کر فائر کر دیا۔ ٹریس ایڈکنز نے بتایا کہ گولی ان کی بائیں بغل کے نیچے سے جسم میں داخل ہوئی اور دائیں بغل کے نیچے سے نکل گئی۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے چند لمحے قبل انہوں نے بندوق لینے کے لیے ہاتھ بڑھایا، تاہم اسی دوران گولی چل گئی۔گلوکار کے مطابق انہیں گولی لگنے کے بعد درد کا احساس یاد نہیں، کیونکہ شدید صدمے کی حالت میں جسم خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا، ’’مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ میں فرش سے اٹھا، چند قدم چلا اور پھر دوبارہ گر گیا۔ گولی میرے دل اور دونوں پھیپھڑوں کے درمیان سے گزری۔ ڈاکٹرز کے مطابق یہ جان لیوا گولی تھی۔‘‘
ٹریس ایڈکنز نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی جان صرف اس لیے بچ سکی کیونکہ گولی انتہائی قریب سے چلائی گئی تھی۔ اس وجہ سے وہ جسم کے اندر پھیلنے کے بجائے اپنی رفتار برقرار رکھتے ہوئے سیدھی آرپار نکل گئی۔
انہوں نے کہا کہ اصل تکلیف فائرنگ کے بعد علاج کے دوران ہوئی، کیونکہ دل اور پھیپھڑوں کی مرمت کے لیے ڈاکٹروں کو ان کا سینہ کھول کر آپریشن کرنا پڑا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں لگتا ہے کہ ان کی سابقہ اہلیہ انہیں قتل کرنا چاہتی تھیں، تو انہوں نے کہا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا۔
ان کے بقول، ’’میرے خیال میں انہیں خود بھی اندازہ نہیں تھا کہ بندوق کتنی خطرناک ہو سکتی ہے۔ شاید وہ اس کے نتائج سے واقف نہیں تھیں۔‘‘
واضح رہے کہ یہ واقعہ 1994 میں پیش آیا تھا، جس کے بعد ٹریس ایڈکنز اور جولی کرٹس کی طلاق ہو گئی۔ گلوکار نے صحت یاب ہونے کے باوجود اپنی سابقہ اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج نہ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹریس ایڈکنز اس وقت کینیڈین اداکارہ وکٹوریہ پراٹ کے ساتھ شادی شدہ ہیں۔ ان کا نیا گانا امریکن میڈ حال ہی میں ریلیز ہوا ہے۔