امریکا کو بڑا دھچکا ، جدید لڑاکا طیارہ ایف 35 تباہ

امریکا کو بڑا دھچکا ، جدید لڑاکا طیارہ ایف 35 تباہ

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں امریکا کا جدید ترین ایف-35 بی  لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا حادثے میں پائلٹ نے بروقت پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچا لی جبکہ امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

امریکی میرین ایئرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق ایک نشست والا ایف-35 بی لڑاکا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے میرین کور ایئر اسٹیشن سان ڈیاگو میں لینڈنگ کے لیے رن وے کی جانب آ رہا تھا کہ اچانک رن وے تک پہنچنے سے قبل گر کر تباہ ہو گیا۔

امریکی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق حادثے سے چند لمحے قبل پائلٹ نے ہنگامی صورتحال میں ایجیکشن سسٹم استعمال کرتے ہوئے پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت طیارے سے نکلنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہیں معمولی زخمی حالت میں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی ہستپال منتقلی کیس سے متعلق سپریم کورٹ کا بڑا حکم

حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور طیارے کے ملبے میں لگنے والی آگ کے علاوہ اردگرد کی گھاس میں بھڑکنے والی آگ پر بھی قابو پا لیا گیا جس سے مزید نقصان ہونے سے بچ گیا۔

ابتدائی طور پر طیارہ گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ امریکی فوجی حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے تحقیقاتی ٹیم طیارے کے فلائٹ ڈیٹا تکنیکی نظام اور دیگر شواہد کا جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ ملٹی رول لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے یہ جدید ریڈار سے بچنے کی صلاحیت، جدید ہتھیاروں کے نظام اور مختصر رن وے سے اڑان بھرنے اور ورٹیکل لینڈنگ  کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے، جس کے باعث اسے امریکی میرین کور برطانیہ اور اٹلی کی فضائی افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق ایک ایف-35 بی طیارے کی قیمت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر ہے جس کے باعث اسے دنیا کے مہنگے ترین اور جدید ترین جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے حالیہ حادثے نے ایک بار پھر اس جدید طیارے کی تکنیکی کارکردگی اور حفاظتی نظام سے متعلق سوالات کو جنم دیا ہے تاہم امریکی فوج کا کہنا ہے کہ حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles