بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں، ان کی منفرد کہانیوں اور فنکاروں کی اداکاری کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت اور جذبات کو جس انداز میں پیش کیا جاتا ہے، وہ بے مثال ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بگ باس 13 سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ پاکستانی ڈراموں کی باقاعدہ ناظر ہیں اور یہاں کے کئی فنکار ان کے پسندیدہ ہیں۔ شہناز گل نے اداکارہ ہانیہ عامر کو اپنی پسندیدہ فنکارہ قرار دیا، جبکہ بلال عباس خان کی اداکاری کو بھی سراہا۔ انہوں نے ڈرامہ’’ کبھی میں کبھی تم‘‘میں فہد مصطفیٰ کی پرفارمنس کی بھی تعریف کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں ’’کبھی میں کبھی تم‘‘ اور ’’میری زندگی ہے تو‘‘ دیکھے، جو انہیں بے حد پسند آئے۔
پاکستانی ڈراموں کی کامیابی کی وجہ بیان کرتے ہوئے شہناز گل نے کہا کہ ان میں رومانس کو نہایت فطری انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق غیر ضروری جسمانی قربت کے بجائے جذبات، تاثرات اور آہستہ آہستہ آگے بڑھنے والی کہانی کے ذریعے محبت کو دکھایا جاتا ہے، جو ناظرین کو اپنی جانب متوجہ رکھتی ہے۔
شہناز گل کا کہنا تھا کہ یہی حقیقت پسندانہ انداز پاکستانی ڈراموں کو دیگر ڈراموں سے منفرد بناتا ہے۔ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں پاکستان اور بھارت کے مداح ان کی رائے کو سراہتے ہوئے پاکستانی ڈراموں کے معیار کی تعریف کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شہناز گل اس سے قبل بھی پاکستانی مداحوں کی محبت اور حمایت پر خوشی کا اظہار کر چکی ہیں۔