اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، حضرو، گجرات، صوابی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ بعض علاقوں میں بارشی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
شدید بارش کے باعث سڑکیں پانی سے بھر گئیں جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں موسلا دھار بارش ، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ، شہریوں کو انخلاء کا حکم
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ برقرار رکھتے ہوئے نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سینیٹیشن ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ بلوکی کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی آمد 41 ہزار 790 کیوسک جبکہ اخراج 15 ہزار 740 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی کی رپورٹ کے مطابق ہیڈ بلوکی پر اپ اسٹریم پانی کی سطح 633 فٹ جبکہ ڈاؤن اسٹریم سطح 619.50 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق لوئر باری دوآب کینال میں 7 ہزار 50 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے، جبکہ بلوکی سدنک سے پانی کا اخراج 19 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
گجرات میں بھی بارش کے باعث بارشی پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ صوابی میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :موسلا دھار بارش ، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند، ہنگامی الرٹ جاری
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

