حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ہسپتال منتقل کرنے کے کیس میں دوبارہ نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی طرف سے متفرق نظر ثانی دائر کی گئی ہے ، نئی متفرق نظر ثانی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو دور کرکے دائر کی گئی ہے۔
دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال منتقل کے عدالتی فیصلہ میں سقم ہے ، عدالتی فیصلہ میں جیل رولز کو نظر انداز کیا گیا، مرکزی کیس میں ہمیں فریق نہیں بنایا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متفرق درخواست منظور کرکے نظر ثانی کی اجازت دی جائے ۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کی اسپتال منتقلی فیصلے کے خلاف حکومتی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے عمران خان کی اسپتال منتقلی فیصلے کےخلاف حکومتی نظرثانی درخواست پر کل اعتراض عائد کیے گئے تھے، نظرثانی درخواست کے ساتھ پیپر بُکس مکمل نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کرکے انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔