چین کے شمالی علاقے میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ بچی نے کھیل کے دوران غلطی سے 50 گرام وزنی سونے کا بار نگل لیا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیجنگ چلڈرنز اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی نے تقریباً 4 سینٹی میٹر لمبا سونے کا بار نگلا تھا۔ واقعے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد بچی کو اسپتال لایا گیا، جہاں ایکسرے کے ذریعے تصدیق ہوئی کہ سونے کا بار اس کے معدے میں موجود ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق سونے کا بار وزنی اور سخت ہونے کے ساتھ ساتھ ہموار سطح کا حامل تھا، جس کی وجہ سے اسے نظام ہاضمہ میں پھنسنے کا خطرہ تھا۔ اس سے معدے کی اندرونی جھلی متاثر ہونے، معدے میں سوراخ ہونے اور شدید خون بہنے جیسی سنگین پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اہلخانہ بچی کو اسپتال پہنچانے سے قبل کئی طبی مراکز میں لے گئے، تاہم وہاں فوری اینڈوسکوپی کی سہولت دستیاب نہیں تھی۔بیجنگ چلڈرنز اسپتال پہنچنے کے بعد ڈاکٹروں نے اینڈوسکوپی کے ذریعے سونے کا بار نکالنے کا فیصلہ کیا۔
طبی ٹیم نے انتہائی احتیاط سے اسنیر کی مدد سے سونے کے بار کو پکڑا اور چند ہی منٹ میں اسے بحفاظت اور مکمل حالت میں معدے سے باہر نکال لیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کامیاب طبی کارروائی کے بعد بچی کی حالت بہتر ہے اور اسے طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔