فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف سے ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف سے ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے دورے کے دوران ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی ہے جس میں خطے کی صورتحال، امن و استحکام اور ایران امریکا کشیدگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ پاکستان اس سے قبل بھی ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور مفاہمت کے عمل میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اس موقع پر کہا کہ ایران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بدستور کاربند ہے۔ انہوں نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور مفاہمت کے تحت طے پانے والے معاملات پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

قالیباف کے مطابق امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد میں متعدد مرتبہ ناکام رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے فریقین کو اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان نے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔ جون میں پاکستان اور قطر کی میزبانی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک میں مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے متعلق اعلیٰ سطحی مذاکرات بھی ہوئے تھے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حالیہ دورہ ایران بھی پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔

Related Articles