سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بڑی کٹوتی

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بڑی کٹوتی

بلوچستان کے محکمہ صحت نے غیرحاضری اور فرائض میں غفلت برتنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 11 ہزار ملازمین کی تنخواہوں سے مجموعی طور پر 29 کروڑ روپے سے زائد کی کٹوتی کرلی۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق غیرحاضری اور غفلت کے خلاف کارروائی بلوچستان ایمپلائیز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ کے تحت کی گئی۔ کارروائی کا مقصد سرکاری ملازمین میں حاضری اور فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنانا اور محکمہ صحت کے نظام میں بہتری لانا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق غیرحاضر پائے جانے والے 800 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے جن میں سے 402 ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ 398 ملازمین کے خلاف کارروائی تاحال جاری ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق مسلسل غیرحاضری اور فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے 100 سے زائد ملازمین کو ملازمت سے بھی برخاست کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بچوں کے اسکول پہنچتے ہی حکومت نے اہم حکم جاری کردیا

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایسے ملازمین کے خلاف بھی اقدامات کیے گئے جو اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت کے مرتکب پائے گئے۔ تنخواہوں سے کٹوتی کے ذریعے غیرحاضری اور غفلت کے خلاف محکمانہ کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ ملازمین کی حاضری اور کارکردگی کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا، جبکہ غیرحاضری یا فرائض میں غفلت ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صوبائی محکمہ صحت کے اس بڑے ایکشن کے نتیجے میں جہاں سرکاری خزانے کو ہونے والے مالی نقصان کی روک تھام کی کوشش کی گئی ہے، وہیں ملازمین کو اپنے فرائض باقاعدگی سے انجام دینے کا واضح پیغام بھی دیا گیا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles