رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت ، ملک بھر میں چراغاں ،گلیاں اور بازار رنگ و نور سے منور

رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت ، ملک بھر میں چراغاں ،گلیاں اور بازار رنگ و نور سے منور

نبی آخر الزماں، رحمت اللعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں مساجد، گھروں، بازاروں، شاہراہوں، چوکوں، چوراہوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں اور مختلف آرائشی اشیا سے سجا دیا گیا ۔

ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے محافل میلاد، نعت خوانی کی محافل، جلوس اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مساجد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ علما کرام اور مقررین سیرت طیبہ اور نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

کراچی میں گلی گلی چراغاں

کراچی میں جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ گلیاں اور بازار برقی قمقموں سے روشن ہیں جبکہ مختلف مقامات پر عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے محافل میلاد اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

شہر میں جگہ جگہ اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں عقیدت مندوں کے لیے موئے مبارک کی زیارت کا انتظام کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔

کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس دوپہر اڑھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا۔ جلوس اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا نیو میمن مسجد پہنچے گا اور بعد ازاں گلزار حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔

عید میلاد النبی ﷺ کے پیش نظر کراچی میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک نے شہر میں اس روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں بھی چراغاں اور محافل کا انعقاد

لاہور میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ مساجد، گھروں، سڑکوں اور مختلف سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجاوٹ کی گئی ہے جبکہ محافل نعت اور میلاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

میلاد کی تقریبات میں ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی جا رہی ہیں۔ شہریوں کی جانب سے نبی کریم ﷺ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے مختلف مقامات پر خصوصی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔

پشاور میں نعت خوانی کی محافل

پشاور میں بھی رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے محافل نعت اور میلاد مصطفیٰ ﷺ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مختلف مساجد اور دیگر مقامات پر ہونے والی تقریبات میں نعت خواں حضرات بارگاہ رسالت ﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں بھی چراغاں

کوئٹہ میں جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مختلف علاقوں میں چراغاں کیا گیا ہے۔ مساجد اور دیگر مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا جبکہ محافل نعت اور میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

شہر میں مختلف مقامات پر عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں بھی جشن کا سماں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جشن آمد رسول ﷺ کے سلسلے میں شہر کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ مختلف شاہراہوں، مساجد اور عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ کئی مقامات پر جشن میلاد کی مناسبت سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مساجد میں خصوصی عبادات، درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شہر کی فضاؤں میں جشن آمد رسول ﷺ کے حوالے سے مذہبی جوش و عقیدت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

دیگر شہروں میں بھی جلوس اور تقریبات

ملک کے دیگر شہروں اور علاقوں میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالے جا رہے ہیں اور محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر مساجد اور عمارتوں کو سجایا گیا ہے جبکہ شہری اپنے اپنے علاقوں میں نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی منا رہے ہیں۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مذہبی اجتماعات میں ملک میں امن و استحکام، ترقی و خوشحالی اور مسلمانوں کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔ مختلف شہروں میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں اور مسلمان نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

editor

Related Articles