معروف پاکستانی اداکارہ اشنہ شاہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، اداکارہ نے خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔
اشنہ شاہ نے مئی 2026 میں اپنے حمل کا اعلان کیا تھا اور اس دوران مداحوں کو اپنی پریگننسی کے سفر سے بھی باخبر رکھتی رہیں۔ اب اداکارہ نے نومولود بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ننھا بیٹا دنیا میں آچکا ہے۔ اشنہ شاہ نے تصویر میں بچے کا چہرہ ظاہر نہیں کیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بیٹے کو اپنا ’’ننھا شیر‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ لیو ہے اور اس کی روزمرہ کی مصروفیات میں کھانا، سونا اور ڈائپر تبدیل کروانا شامل ہے، جبکہ اس نے آتے ہی پوری دنیا پر حکمرانی شروع کردی ہے۔ اشنہ شاہ کی شادی ویانا میں مقیم پاکستانی گالفر حمزہ امین سے ہوئی ہے۔ دونوں کے والدین بننے پر دوستوں، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اداکارہ صبور علی نے بھی اشنہ شاہ کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ’’ماشاءاللہ، ماشاءاللہ‘‘ لکھا اور نومولود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اشنہ شاہ پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ ’میرے خوابوں کا دیا‘، ’حَبْس‘، ’بلا‘،’لشکارا‘، ’بندھے ایک دور سے‘ اور ’الف اللہ اور انسان‘ سمیت کئی مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔