پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے لارڈز کے تاریخی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 900 وکٹیں مکمل کرلیں۔ انہوں نے یہ اہم سنگ میل انگلینڈ کے خلاف جاری میچ کے دوران حاصل کیا اور اس کے ساتھ ہی موجودہ صدی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں بھی نمایاں مقام حاصل کرلیا۔
محمد عباس نے میچ کے ابتدائی سیشن میں انگلش بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔ فاسٹ بولر نے پہلے ایمو گے کو صرف 8 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی وکٹوں کی تعداد 899 تک پہنچائی۔ اس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکٹ کو 17 رنز پر پویلین بھیج کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 900 ویں وکٹ مکمل کرلی۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے یہ تاریخی اعزاز اپنے 222 ویں فرسٹ کلاس میچ میں حاصل کیا۔ ان کی طویل فرسٹ کلاس کرکٹ میں مستقل مزاجی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے 20.43 کی شاندار اوسط سے وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کے ریکارڈ میں 57 مرتبہ ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل ہے جبکہ وہ 15 مرتبہ ایک میچ میں 10 وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔
900 فرسٹ کلاس وکٹوں کے سنگ میل کے بعد محمد عباس 21 ویں صدی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اس فہرست میں انگلینڈ کے سابق عظیم فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سب سے آگے ہیں جنہوں نے 2002 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کے بعد اب تک 1157 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
جنوبی افریقہ کے اسپن بولر سائمن ہارمر 1056 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ سری لنکا کے ملندا پشپا کمارا 1010 وکٹوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے ٹم مرٹاگ 959 فرسٹ کلاس وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ محمد عباس نے 900 وکٹیں مکمل کرکے اس فہرست میں اپنی جگہ مزید مستحکم کرلی ہے۔