بیٹی کی شادی میں دعوتِ عام مہنگی پڑگئی؟ لاکھوں افراد پہنچ گئے

بیٹی کی شادی میں دعوتِ عام مہنگی پڑگئی؟ لاکھوں افراد پہنچ گئے

بھارتی ریاست بہار میں ایک سیاست دان کی بیٹی کی شادی نے ایسی دھوم مچائی کہ تقریب خوشی کے بجائے ایک بڑے عوامی اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔ لاکھوں افراد کی آمد سے 10 کلومیٹر تک ٹریفک جام ہوگیا، دلہا بھی بارات سمیت رش میں پھنس گیا جبکہ گھڑ دوڑی کا مقابلہ بھی ملتوی کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بااثر سیاست دان اور رکن اسمبلی اننت سنگھ نے اپنی بیٹی شیوانگی کی شادی میں عام لوگوں کو بھی شرکت کی کھلی دعوت دی تھی۔ اس دعوت کے بعد ان کے آبائی گاؤں نادوان میں لوگوں کا ایسا غیر معمولی ہجوم جمع ہوا کہ اطراف کی سڑکیں گاڑیوں سے بھر گئیں۔

صورت حال اس قدر خراب ہوگئی کہ ٹریفک کی روانی تقریباً رک گئی اور گاڑیوں کی قطاریں کئی کلومیٹر تک پھیل گئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رش میں خود دلہا بھی پھنس گیا اور بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچتے پہنچتے رات ہوگئی۔

4 لاکھ افراد کے کھانے کا انتظام

اننت سنگھ کے مطابق شادی میں 4 لاکھ سے زائد افراد کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس بڑے انتظام کے لیے تقریباً 500 باورچیوں اور کارکنوں کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ 300 سے زائد مقامات پر کھانا تیار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بچے ایکس پر کیا دیکھیں گے؟ والدین کو مل گیا کنٹرول

مہمانوں کے لیے بہاری روایتی کھانوں کے علاوہ مختلف علاقوں کے پکوان اور مٹھائیاں بھی پیش کی گئیں۔ میٹھے میں رس گلے، گلاب جامن، جلیبی، گاجر کا حلوہ اور مکھانے کی کھیر سمیت کئی اقسام شامل تھیں۔

شاہی انداز میں سجا شادی کا پنڈال

شادی کی تقریب کے لیے جے پور کے شاہی محل سے متاثر ہوکر ایک وسیع پنڈال تیار کیا گیا تھا۔ اس کی سجاوٹ کے لیے نیوزی لینڈ، چین اور تھائی لینڈ سے پھول منگوائے گئے تھے۔ اہم شخصیات اور عام مہمانوں کے لیے الگ انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ تقریب کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی، جس میں زمین پر بکھرے نوٹ جھاڑو کی مدد سے جمع کیے جارہے ہیں۔

گھڑ دوڑی کا مقابلہ بھی روکنا پڑگیا

شادی کی تقریبات میں گھڑ دوڑی کا مقابلہ بھی شامل تھا، جسے دیکھنے کے لیے ایک لاکھ سے زائد افراد جمع ہوگئے۔ تماشائیوں کی بڑی تعداد کے باعث بعض افراد بجلی کے کھمبوں پر چڑھ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:نہ گراؤنڈ، نہ دستانے، نہ تیاری، پاکستانی مسافر نے پکڑ لیا ناقابل یقین کیچ

ہجوم اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر منتظمین کو مقابلہ ملتوی کرنا پڑا اور میدان خالی کرانے کی کارروائی شروع کردی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مقابلے کے فاتح کے لیے گاڑی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے موٹر سائیکل اور اسکوٹر انعام رکھا گیا تھا۔

یوں ایک بیٹی کی شادی میں دی گئی دعوتِ عام نے پورے علاقے کو ایک بڑے اجتماع میں تبدیل کردیا، جہاں شادی کی خوشیوں کے ساتھ ٹریفک اور انتظامات کے مسائل بھی خبروں کا حصہ بن گئے۔

editor

Related Articles