دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک نے امریکی بچوں کے لیے ایک غیر معمولی تحفے کا اعلان کردیا۔ ان کے مطابق امریکا کے ہر اہل بچے کو اسپیس ایکس کے 2 شیئرز دیے جائیں گے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی اور امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے یہ اعلان اس وقت کیا جب اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی امریکی منظوری ملی۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ہر بچے کو ایک شیئر اسپیس ایکس کی جانب سے جبکہ دوسرا شیئر وہ اپنی ذاتی ملکیت سے تحفے میں دیں گے۔
ان کے مطابق کمپنی کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز اگلے ماہ منتقل کیے جائیں گے، جبکہ ان کی ذاتی جانب سے ملنے والا شیئر جون 2027 میں منتقل ہوگا، جب ان کے حصص کی فروخت پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی۔
اس سے قبل اسپیس ایکس نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکی حکومت کے ’ٹرمپ اکاؤنٹ‘ پروگرام کے تحت ہر فعال اکاؤنٹ میں اپنے کلاس اے کامن اسٹاک کا ایک نیا شیئر شامل کرے گی۔ ایلون مسک بھی اپنی جانب سے اتنے ہی شیئرز فراہم کریں گے۔
کیا ہے ٹرمپ اکاؤنٹ پروگرام؟
ٹرمپ اکاؤنٹ ایک ایسا پروگرام ہے جس کا مقصد 18 سال سے کم عمر امریکی بچوں کو سرمایہ کاری اور اسٹاک مارکیٹ میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اکتوبر میں اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 کروڑ اکاؤنٹس کھولے جاچکے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز اسپیس ایکس کے ایک شیئر کی قیمت 127.44 ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس حساب سے دو شیئرز کی مالیت تقریباً 254.88 ڈالر فی بچہ بنتی ہے، جبکہ تمام اہل بچوں کو دیے جانے والے حصص کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
ایلون مسک مصنوعی ذہانت کی صنعت میں اسپیس ایکس کے کردار کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں، تاہم خلا میں بڑے پیمانے پر ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے منصوبے کے ماحولیاتی اثرات اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔