دبئی میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور بھارتی ریپر یو یو ہنی سنگھ کی ایک شادی کی تقریب میں ملاقات نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ دونوں فنکار نہ صرف گرم جوشی سے ایک دوسرے سے ملے بلکہ پاکستانی مقبول گانوں پر رقص کرتے بھی نظر آئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دونوں فنکاروں کو شادی کی تقریبات سے لطف اندوز ہوتے اور موسیقی کی دھنوں پر جھومتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک ہی تقریب میں دونوں کی موجودگی اور ان کے خوشگوار انداز نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
عاطف اسلم نے اپنے موسیقی کے سفر کا آغاز پاکستانی بینڈ ’جل‘ سے کیا تھا، جس کی بنیاد انہوں نے گوہر ممتاز کے ساتھ رکھی۔ بینڈ کا مقبول گانا ’عادت‘ ان کی پہچان بنا، جس کے بعد انہوں نے 2004 میں اپنا پہلا سولو البم ’جل پری‘ ریلیز کیا۔
دوسری جانب یو یو ہنی سنگھ کا اصل نام ہردیش سنگھ ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز میوزک پروڈیوسر کے طور پر کیا، بعد ازاں ریپر اور گلوکار کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔ ان کے 2011 میں ریلیز ہونے والے البم ’انٹرنیشنل ولیجر‘ نے انہیں خاصی مقبولیت دلائی۔ اس البم کے گانے ’براؤن رنگ‘ اور ’انگریزی بیٹ‘ بھی شائقین میں بے حد مقبول ہوئے۔
ہنی سنگھ پنجابی موسیقی اور ہپ ہاپ کے امتزاج کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔