پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سلیم شیخ کی صاحبزادی، ماڈل اور ڈیجیٹل کری ایٹر سلینا سلیم اپنے منگیتر ابراہیم شیخ کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں۔
سلینا سلیم اور ابراہیم شیخ کا نکاح ایک سادہ اور پروقار آؤٹ ڈور تقریب میں ہوا، جس میں قریبی رشتے داروں، دوستوں اور شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
نکاح کی تقریب سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں، جن میں دلہا اور دلہن کے خوبصورت لمحات مداحوں کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
اس خاص موقع پر سلینا سلیم نے سفید آرگنزا کا روایتی شرارہ زیب تن کیا، جس پر چاندی کے ستاروں کا نفیس کام کیا گیا تھا۔ سنہری گوٹا کناری سے مزین دوپٹے نے ان کے لباس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا۔
دوسری جانب ابراہیم شیخ سفید کرتا، پاجامہ اور کوٹ میں نظر آئے۔ تقریب میں اداکار بہروز سبزواری، جاوید شیخ، مومل شیخ، صدف کنول اور شہروز سبزواری سمیت دیگر عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اداکار سلیم شیخ 3 بیٹیوں کے والد ہیں۔ ان کی ایک بیٹی نشمیہ کی شادی پہلے ہوچکی ہے، جبکہ اب سلینا سلیم بھی اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرچکی ہیں۔