جے یو آئی کا نیا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب، مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کی خبر بے بنیاد نکلی

جے یو آئی کا نیا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب، مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کی خبر بے بنیاد نکلی

اسلام آباد میں اربوں روپے مالیت کی بے نامی جائیدادوں کے بڑے نیٹ ورک کے بے نقاب ہونے اور غیر ملکی فرنٹ مین کے نام پر رجسٹرڈ گھر خالی کرائے جانے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے اپنی خفت مٹانے اور عوام کی توجہ اصل کرپشن سے ہٹانے کے لیے فضل الرحمان کے صاحبزادے  اسجد محمود کی گرفتاری کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا ہے جبکہ سرکاری ذرائع نے اس دعوے کو یکسر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کے حکم پر گلبرگ گرینز اور سیکٹر جی سکس فور (G-6/4) میں مبینہ طور پر افغان شہری امان اللہ کے نام پر بنائی گئی اربوں روپے کی بے نامی جائیدادوں کی چھان بین اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

نادرا کی جانب سے امان اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دے کر اس کا جعلی شناختی کارڈ منسوخ کیے جانے کے بعد ان بے نامی جائیدادوں کے اصل استعمال کنندگان کے نام بھی کھل کر سامنے آنے لگے ہیں، جس کے بعد انتظامیہ نے فضل الرحمان کے قریبی رشتہ داروں کو 3 گھنٹے کے اندر مکان خالی کرنے کا باقاعدہ نوٹس جاری کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ریاستی رٹ چیلنج کرنیوالے فضل الرحمان کے بھائی عطاء الرحمان سمیت جے یو آئی کے درجنوں شرپسندوں پر مقدمات درج، گاڑی ضبط اور 9 قانون شکن گرفتار

 ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی بے نامی جائیدادوں کا بھانڈا پھوٹا اور مکان خالی کرانے کا عمل شروع ہوا، تو جے یو آئی کے حلقوں نے اپنی شرمندگی چھپانے اور مظلومیت کا جھوٹا کارڈ کھیلنے کے لیے یہ شوشہ چھوڑ دیا کہ پولیس نے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔

 سرکاری و پولیس ذرائع نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پولیس نے نہ تو اسجد محمود کو گرفتار کیا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود اپنی مرضی سے تھانے میں موجود ہیں اور جے یو آئی کی جانب سے ان کی گرفتاری کا محض جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ جعلی شناختی کارڈ اور فراڈ کے ذریعے بنائی گئی بے نامی جائیدادوں کے اس منظم نیٹ ورک کے مزید کرداروں اور فرنٹ مینوں کے نام بھی سامنے آنے کا قوی امکان ہے، اور اس حوالے سے مزید ہوشربا جائیدادوں کی تفصیلات بھی جلد منظرِ عام پر لائی جائیں گی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ جھوٹی گرفتاریوں کا شور مچا کر بے نامی جائیدادوں کے حساب سے بچنے کی یہ چال بھی بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles