چین کا موٹا تیندوا سوشل میڈیا اسٹار بن گیا، چڑیا گھر نے ڈائٹنگ بند کرادی

چین کا موٹا تیندوا سوشل میڈیا اسٹار بن گیا، چڑیا گھر نے ڈائٹنگ بند کرادی

چین کے ایک چڑیا گھر میں موجود 19 سالہ تیندوا اپنے غیر معمولی بھاری بھرکم جسم کے باعث سوشل میڈیا اسٹار بن گیا، جس کی جسامت دیکھ کر لوگوں کو اینیمیٹڈ فلم ’زوٹوپیا‘ کا مشہور کردار آفیسر کلاوہاؤزر یاد آگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پان باؤ باؤ نامی یہ تیندوا جنوب مغربی چین کے شہر پانژیہوا کے چڑیا گھر میں کئی برس سے موجود ہے۔ اپنے غیر معمولی وزن اور جسامت کی وجہ سے باؤ باؤ چڑیا گھر آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کی جسامت ڈزنی کی اینیمیٹڈ فلم ’زوٹوپیا‘ کے بھاری بھرکم کردار آفیسر کلاوہاؤزر سے بھی مشابہت رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خودکار ٹریفک نظام کی غلطی، پیدل شہری کو گاڑی سمجھ لیا

وزن کم کرانے کی کوشش کیوں ترک کی گئی؟

باؤ باؤ پہلی مرتبہ 2024 میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس کے بعد وہ چین بھر میں چڑیا گھر کی پہچان بن گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر انتظامیہ نے ابتدا میں اس کی خوراک میں تبدیلی کرکے وزن کم کرنے کی کوشش کی، تاہم ماہرین سے مشاورت کے بعد یہ منصوبہ ترک کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:44 سال پرانا گاناجی ٹی اے 6 میں شامل، گلوکارہ کی قسمت چمک اٹھی

چڑیا گھر کے عملے کا کہنا ہے کہ باؤ باؤ کی عمر 19 سال ہو چکی ہے، اس لیے اس مرحلے پر وزن کم کرنے کے لیے سخت اقدامات کرنا مناسب نہیں۔ انتظامیہ کی اولین ترجیح اب اس کی موجودہ صحت اور وزن کو برقرار رکھنا ہے۔ حالیہ طبی معائنے میں بھی تیندوے کی صحت تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔

روزانہ کیا کھاتا ہے باؤ باؤ؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق باؤ باؤ کی روزانہ خوراک میں تقریباً نصف کلو گائے کا گوشت اور مرغی کا ایک حصہ شامل ہے۔ اس کی سوشل میڈیا مقبولیت کے بعد چڑیا گھر انتظامیہ نے اس کے پنجرے کا رقبہ بھی دگنا کر دیا ہے، تاکہ اسے چلنے پھرنے اور آرام کرنے کے لیے زیادہ جگہ مل سکے۔

editor

Related Articles