سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے بچنے کے لیے تین خوارجی دہشت گرد خواتین کے درمیان چھپ کر نقل و حرکت کرتے پکڑے گئے، فوٹیج نے بزدلانہ چہرہ ننگا کر دیا
Home - آزاد انتخاب - سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے بچنے کے لیے تین خوارجی دہشت گرد خواتین کے درمیان چھپ کر نقل و حرکت کرتے پکڑے گئے، فوٹیج نے بزدلانہ چہرہ ننگا کر دیا
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فتنہ الخوارج کی بزدلی اور اخلاقی پستی کا ایک اور شرمناک ثبوت سامنے آ گیا ہے، جہاں خوارجی دہشت گردوں کی جانب سے معصوم خواتین کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے ناقابلِ تردید ویڈیو شواہد منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔
منظرِ عام پر آنے والی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن کارروائی سے بچنے کے لیے انتہائی بزدلانہ ہتھکنڈے اپناتے ہوئے خواتین کو اپنے آگے اور پیچھے رکھ کر نقل و حرکت کر رہے ہیں، جبکہ تین خوارجی عناصر خود کو محفوظ رکھنے کے لیے خواتین کے درمیان چھپے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
سیکیورٹی و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ خوارجی دہشت گرد دانستہ طور پر خواتین اور معصوم بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے پیشِ نظر سیکیورٹی فورسز ان کے خلاف کارروائی سے گریز کریں۔ مبصرین کے مطابق نہتی خواتین کے پیچھے چھپنا اور انہیں ڈھال بنانا فتنہ الخوارج کی انتہائی بزدلانہ سوچ، پختون روایات کی پامالی اور انسانی جانوں کے لیے ان کی سنگین بے حسی کا کھلا ثبوت ہے۔
سیکیورٹی حکام اور انتظامیہ نے مقامی غیور عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ قومی و سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین و بچوں کی آڑ لینے والے ان بزدل خوارجی عناصر کی موجودگی کی بروقت اطلاع سیکیورٹی اداروں کو دیں اور انہیں اپنے گھروں، حجروں یا علاقوں میں ہرگز پناہ نہ لینے دیں تاکہ علاقے کو ان ناسوروں سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔