ادارہ شماریات نے 24 اشیا کی قیمتیں بڑھنے اور 6 کی قیمتوں میں کمی بارے رواں ہفتے کی رپورٹ جاری کر دی۔
ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان مسلسل جاری ہے، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح میں 4.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی24اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور6 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جبکہ 21اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں 1.26فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 5.01 فیصد،ٹماٹر16.86 فیصد،ایل پی جی 4.10 فیصد، سرسوں کا تیل 1.90 فیصد، لہسن 4.30 فیصد، جلانے والی لکڑی 2.07 فیصد، چینی 1.34 فیصد اور گھی کی قیمتوں میں 1.87فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے برعکس کیلوں کی قیمتوں میں 0.18 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 2.51فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 0.87 فیصد،چکن کی قیمتوں میں 0.07 فیصد اورآٹے کی قیمتوں میں 0.01 فیصد کمی واقع ہوئی۔