ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے عین قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک زبردست فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے تحت بابر اعظم کو ایک بار پھر قومی ٹیم کی وائٹ بال کرکٹ کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔
اس تبدیلی کے بعد قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے زبردست اسپورٹس مین اسپرٹ اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔ اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے بابر اعظم کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا بحیثیت کھلاڑی میں ہمیشہ اپنے کپتان کی مکمل حمایت جاری رکھوں گا۔
میں اس سے قبل بھی بابر اعظم کی قیادت میں کھیل چکا ہوں، وہ بلاشبہ ایک بہترین کپتان ہیں۔ میں میدان کے اندر اور باہر ان کی بھرپور مدد کرنے کی کوشش کروں گا، کیونکہ ہم سب کا ایک ہی مشترکہ مقصد ہے۔
دوسری جانب کپتان بابر اعظم نے بھی باہمی احترام کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے شاہین کی خدمات کو سراہا اور کہا: “حالیہ ٹی 20 سیریز میں شاہین شاہ آفریدی کی شاندار قیادت میں کھیلنا میرے لیے خوشی کی بات رہی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے دونوں سپر اسٹارز کے ان مثبت بیانات نے واضح کر دیا ہے کہ ٹیم میں مکمل اتحاد اور بھائی چارہ موجود ہے۔
یہ ہم آہنگی اور باہمی احترام اس بات کی نوید ہے کہ پاکستانی ٹیم آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک جان ہو کر میدان میں اترے گی۔ پاکستانی کرکٹ کے متوالوں کے لیے اس سے بہترین خبر اور کیا ہو سکتی ہے!