ایران پر حملہ، امریکی سیاست میں ہلچل، سینیٹرز کا ٹرمپ سے وضاحت کا مطالبہ

ایران پر حملہ، امریکی سیاست میں ہلچل، سینیٹرز کا ٹرمپ سے وضاحت کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر حملے کا حکم دیے جانے پرامریکی سیاست میں ہلچل مچ گئی،سینیٹرز نے وضاحت کا مطالبہ کردیا۔

 ایران پر حملے کا حکم دیے جانے پر سینیٹ کے ڈیموکریٹ رہنما چک شمر اور دیگر سینیٹرز نے اس غیر متوقع فیصلے پر صدرٹرمپ سے فوری وضاحت طلب کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر چک شمر نے کہا ہے کہ ’صدر ٹرمپ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر حملے کا حکم دیا، جس کی انہیں وضاحت کرنی چاہیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ صدر کو امریکی عوام اور قانون ساز اداروں کو اس کارروائی کے پیچھے محرکات، حکمت عملی، اور امریکیوں کی سلامتی پر اثرات کے حوالے سے واضح جواب دینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اسرائیل جنگ میں امریکہ بھی کود گیا،فردو، نطنز اصفہان جوہری تنصیبات پر کامیاب حملہ مکمل

چک شمر نے کہا ’کسی بھی صدر کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ یکطرفہ طور پر ایسی کارروائی کرے جو غیر متوقع خطرات پیدا کرے اور جس کے پیچھے کوئی واضح حکمت عملی نہ ہو۔ ہمیں ”وار پاورز ایکٹ“ یعنی جنگی اختیارات سے متعلق قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔‘

سینیٹ میں دیگر ڈیموکریٹ اراکین، بشمول سینیٹر جین شاہین اور سینیٹر جیک ریڈ نے بھی حملے کے بعد خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ سینیٹرز نے مطالبہ کیا کہ ’ٹرمپ انتظامیہ خونریزی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور تحمل، سفارت کاری اور عالمی روابط کو ترجیح دے۔‘

سینیٹر جین شاہین نے کہا کہ ’امریکا کو ایران کے ساتھ جنگ میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے ۔

سینیٹر جیک ریڈ نے خبردار کیا کہ ’ہم اس وقت ایک خطرناک موڑ پر ہیں جو پورے خطے میں عدم استحکام پیدا کر سکتا ہے ، ہمیں مستقبل کے لیے تیار رہنا چاہیے اور پائیدار حکمت عملی اپنانی چاہیے۔‘

یہ بھی پڑھیں :امریکہ جنگ میں داخل ہوگیا اب نقصان کا ذمہ دار خود ہوگا، خامنہ ای، ایران کا جوابی کارروائی کا اعلان

ڈیموکریٹ سینیٹرز کا موقف ہے کہ جنگ شروع کرنا آسان مگر ختم کرنا مشکل ہوتا ہے، اور موجودہ صورت حال ایسے اقدامات کی متقاضی ہے جو ٹکراؤ کے بجائے استحکام کی طرف لے جائیں۔

کانگریس میں ڈیموکریٹس اور یہاں تک کہ متعدد ریپبلکنز نے سوشل پلیٹ فارمز پر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے شروع کرنے اور ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت میں شامل ہونے کے فیصلے کی فوری مذمت کی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *