ایشیا کرکٹ کپ کا میدان سجنے کو تیار ،آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا، کپتانوں کی میڈیا کانفرنس اور ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن صبح ساڑھے گیارہ بجے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اسی روز ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا ،ٹورنامنٹ میں سب کی نظریں پاکستان اور بھارت کے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں، دونوں ٹیمیں گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے بعد پہلی بار آمنے سامنے آئیں گی۔
قومی کھلاڑی تاریخ بدلنے کیلئے پرعزم ہیں، بھارت اپنی مہم کا آغاز 10 ستمبر کو دبئی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کرے گا،گرین شرٹس کا ابتدائی مقابلہ عمان کے خلاف 12 ستمبر کو شیڈول ہے، ایشیا کپ کا سب سے بڑا معرکہ 14ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل معرکہ 28 ستمبر کو شیڈول ہے۔
دوسری جانب ایشیا کپ ڈیجیٹل ٹرافی پاکستان پہنچا دی گئی، انتظامیہ نے ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں پاکستانی ٹیم کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا، فینز کا جوش و خروش بھی دکھایا گیا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے میچز دبئی اور ابوظبی کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے ، ایونٹ2016 اور 2022 کی طرز پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔
پاکستان گروپ اے میں بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساتھ موجودہے ، گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں،دونوں گروپس سے 2،2 ٹیمیں سپر فور میں پہنچیں گی، فائنل 28 ستمبر کو رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان نے ٹرائنگولر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر اعتماد حاصل کرلیا، بھارت عالمی چیمپئن ہونے کے ناطے بطورمضبوط امیدوار میدان میں اترے گا۔
سوریا کمار یادو کی قیادت میں ٹیم میں جسپریت بمرا، ابھیشیک شرما، تلک ورما اور ٹیسٹ کپتان شبمن گل جیسے بہترین بیٹرز شامل ہیں۔
افغانستان کی ٹیم کو حالیہ فائنل میں پاکستان کے خلاف شکست ہوئی،البتہ کپتان راشد خان کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ ہمارے لیے مفید ثابت ہوگا ، ہم اسپنرز کے ذریعے مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے،ایشیا کپ اگلے سال شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھی اہم ہے ۔