جاپان میں جاری ’ٹوکیو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025‘ کے فائنل میں آج ارشد ندیم اپنی شاندارجیت کا عزم لیے میدان میں اترنے کو تیار ہیں۔
ارشد ندیم کے ہمراہ ان کے روایتی حریف نیرج چوپڑا بھی ’ٹوکیو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025‘ کے فائنل راؤنڈ میں جیولین پھینکیں گے۔
فائنل راؤنڈ میں ارشد ندیم پاکستانی وقت کے مطابق شام تین بجکر 25 منٹ پر جیولین پھینکیں گے۔
ارشد ندیم نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں مداحوں سے فائنل میں کامیابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
Alhamdulilah! Qualified for the FINAL of the World Athletics Championships! Gearing up for the final tomorrow at 3:23PM PST! Humble request: Need your prayers for a strong performance! pic.twitter.com/gf8K9hKfOE
اس سے قبل بدھ کو جیولین تھرو کے کوالیفیکشن راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 85.28 میٹر فاصلے پر تھرو پھینک کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ ارشد ندیم نے پہلا تھرو 76.99 میٹر اور دوسرا تھرو 74.17 میٹر جبکہ تیسرا تھرو 85.28 میٹر کا پھینکا۔
دوسری جانب نیرج چوپڑا نے کوالیفائیگ راؤنڈ میں 84.85 میٹر لمبا تھرو پھینک کر فائنل راؤنڈ میں رسائی حاصل کی، انہوں نے فائنل میں رسائی کا یہ معرکہ پہلے ہی تھرو میں اپنے نام کیا۔
فائنل راؤنڈ میں رسائی حاصل کرنے والوں میں گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز 89.53 میٹر لمبے تھرو کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
ان کے علاوہ جرمنی کے جولین ویبر 87.21 میٹر کے ساتھ دوسرے، کینیا کے جولیس ییگو 85.96، پولیش ڈیویڈ ویگنر نے 85.67 میٹر لمبا تھرو پھینک کر فائنل میں کوالیفائی کیا۔
مجموعی طور پر 12 کھلاڑیوں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے، ایونٹ کا فائنل آج جمعرات کی دوپہر کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس کے بعد سے ارشد ندیم نے صرف ایک مقابلے میں حصہ لیا ہے، جہاں انہوں نے گومی، جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔