چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے حکومت سرگرم ہوگئی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نومبر کے وسط میں شروع ہونے والے کرشنگ سیزن کے بعد چینی کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
آل پاکستان شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شفقت محمود کے مطابق کرشنگ سیزن کے آغاز کے بعد چینی کی قیمت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور ہول سیل مارکیٹ میں نرخ 140 روپے فی کلو تک گر سکتے ہیں۔
اس وقت کراچی کی بڑی تھوک مارکیٹ جوڑیا بازار میں چینی 174 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے ہول سیل ریٹ 174 روپے اور ریٹیل ریٹ 177 روپے مقرر ہیں، تاہم کئی دکانوں پر چینی 180 روپے فی کلو یا اس سے زیادہ قیمت پر دستیاب ہے، جو سرکاری نرخ سے واضح انحراف ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث چینی خریدنا مشکل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق چینی کی قیمت میں ممکنہ کمی کی خبریں عوام کے لیے کسی ریلیف سے کم نہیں، لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ آیا یہ ریلیف حقیقت میں نظر آتا ہے یا پھر یہ صرف دعووں تک محدود رہتا ہے۔