نادرا نے شہریوں کے لیے فیس جمع کرانے کا عمل مزید آسان اور جدید بنا دیا ہے۔ اب شہری بغیر کسی اضافی چارج کے راست (Raast) کیو آر کوڈ کے ذریعے چند سیکنڈز میں اپنی فیس ادا کر سکیں گے۔ یہ سہولت پورے ملک میں فعال کر دی گئی ہے تاکہ فیس کی ادائیگی کے نظام کو تیز، محفوظ اور کیش لیس بنایا جا سکے۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق اب تمام نادرا مراکز سے جاری ہونے والی ٹوکن سلپس پر راعت کیو آر کوڈ درج ہوگا، جسے شہری اپنے بینک اکاؤنٹ کی موبائل ایپ یا کسی ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے اسکین کرکے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں۔ اس نئے نظام کے ذریعے شہری نادرا سینٹرز پر لمبی قطاروں سے بچ سکیں گے اور گھر بیٹھے یا موقع پر ہی فیس ادا کر سکیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نقد رقم کے استعمال میں کمی لانا اور ادائیگیوں کے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ نیا نظام نادرا کے تمام مراکز پر باضابطہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نادرا نے اکتوبر 2025 کے لیے شناختی کارڈ اور اسمارٹ آئی ڈی کارڈز کی فیسوں میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ نئے فیس شیڈول کے مطابق:
معمول کی CNIC تجدید کی فیس 400 روپے، فوری سروس کی فیس 1,150 روپے جبکہ ایگزیکٹو سروس کی فیس 2,150 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح اسمارٹ آئی ڈی کارڈ کی فیس تین زمروں میں تقسیم کی گئی ہے: نارمل سروس 750 روپے (31 دن میں مکمل)، فوری سروس 1,500 روپے (15 دن میں مکمل) اور ایگزیکٹو سروس 2,500 روپے (9 دن میں مکمل)۔
نادرا حکام کے مطابق نیا ڈیجیٹل ادائیگی نظام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ادارے کے کام کے معیار اور شفافیت میں اضافہ کرے گا۔ اس سے نہ صرف فیس جمع کرانے کا عمل آسان ہوگا بلکہ عوامی خدمات کی فراہمی بھی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔