پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے برطانیہ میں اپنے فلائٹ آپریشنز میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) نے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ایک اضافی پرواز چلانے کا اعلان کیا ہے
اس اضافی پرواز کے آغاز کے بعد 11 دسمبر سے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتے میں مجموعی طور پر تین پروازیں روانہ ہوں گی۔
پی آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ برطانیہ میں اپنی سروسز کو مزید بہتر بنانے اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے، یہ اضافی پرواز پاکستانی کمیونٹی کے لیے سفری سہولیات میں اضافہ کرے گی اور مسافروں کے لیے آسانیاں فراہم کرے گی۔
25 اکتوبر کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 5 سال کی معطلی کے بعد برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کا باضابطہ طور پر دوبارہ آغاز کیا، جسے حکام نے قومی ایئرلائن کی تاریخ کا ’نیا باب‘ قرار دیا۔
واضح رہے کہ پی آئی اے نے یورپی یونین کی جانب سے پابندیاں ختم ہونے کے بعد 10 جنوری کو پیرس کے لیے اپنی پہلی پرواز بھی روانہ کی تھی۔ یہ پرواز ساڑھے چار سال کے وقفے کے بعد یورپ کے لیے پی آئی اے کی پہلی تجارتی پرواز تھی۔
جون 2020 میں یورپ اور برطانیہ نے کراچی میں ہونے والے ایک حادثے اور ایئرلائن کے پائلٹس کے جعلی لائسنسز کے معاملے کے بعد پی آئی اے کی یورپی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی۔
اس پابندی کے باعث ایئرلائن کو اپنے فضائی آپریشنز میں بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ، وزیر ہوا بازی نے پارلیمنٹ میں اس واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جعلی لائسنس رکھنے والے پائلٹس کی بھرتی کے باعث یورپی فضائی حدود میں پروازوں کی اجازت نہیں دی گئی۔