امریکا نے نئی ویزا شرائط عائد کردیں، فہرست میں مزید نئے ممالک شامل

امریکا نے نئی ویزا شرائط عائد کردیں، فہرست میں مزید نئے ممالک شامل

ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا میں داخلے کے لیے ویزا درخواست دینے والے شہریوں پر مالی ضمانت (ویزا بانڈ) کی شرط عائد کرنے والے ممالک کی تعداد میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت اب بعض ممالک کے پاسپورٹ ہولڈرز کو 15 ہزار ڈالر تک کا بانڈ جمع کرانا ہوگا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کو مزید 25 ممالک کو اس فہرست میں شامل کر دیا، جس کے بعد ویزا بانڈ کی شرط والے ممالک کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی ہے۔ travel.state.gov پر جاری نوٹس کے مطابق نئے شامل کیے گئے ممالک کے لیے یہ شرط 21 جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:آئندہ سال صرف 7,500 تارکین وطن امریکی ویزا کے اہل ہوں گے،ٹرمپ

اس سے ایک ہفتے سے بھی کم عرصہ قبل 7 ممالک کو فہرست میں شامل کیا گیا تھا، جس کے بعد مجموعی تعداد 13 ہو گئی تھی۔ نئی توسیع کے بعد زیادہ تر متاثرہ ممالک افریقہ سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم لاطینی امریکا اور ایشیا کے کچھ ممالک بھی شامل ہیں۔ اس اقدام کے نتیجے میں کئی ممالک کے شہریوں کے لیے امریکی ویزا حاصل کرنا مالی طور پر مشکل ہو جائے گا۔

یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکی داخلہ پالیسی کو مزید سخت بنانے کی تازہ کوشش ہے۔ ان اقدامات میں تمام ویزا کے متقاضی ممالک کے شہریوں کے لیے بالمشافہ انٹرویوز، کئی برسوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی تفصیلات اور اپنی و اہلِ خانہ کی سابقہ سفری و رہائشی معلومات فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 5 ہزار سے 15 ہزار ڈالر تک کے یہ بانڈ اس بات کو یقینی بنانے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں کہ متعلقہ ممالک کے شہری ویزا کی مدت سے زیادہ قیام نہ کریں۔ تاہم بانڈ کی ادائیگی ویزا کی منظوری کی ضمانت نہیں دیتی۔ اگر ویزا مسترد ہو جائے یا ویزا ہولڈر شرائط کے مطابق امریکا سے بروقت روانہ ہو جائے تو بانڈ کی رقم واپس کر دی جاتی ہے۔

21 جنوری سے جن نئے ممالک پر ویزا بانڈ کی شرط لاگو ہوگی ان میں الجیریا، انگولا، اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، بنگلہ دیش، بینن، برونڈی، کیپ وردے، کیوبا، جبوتی، ڈومینیکا، فجی، گیبون، آئیوری کوسٹ، کرغزستان، نیپال، نائیجیریا، سینیگال، تاجکستان، ٹوگو، ٹونگا، ٹووالو، یوگنڈا، وانواتو، وینزویلا اور زمبابوے شامل ہیں۔

یہ ممالک بھوٹان، بوٹسوانا، وسطی افریقی جمہوریہ، گیمبیا، گنی، گنی بساؤ، ملاوی، موریطانیہ، نمیبیا، ساؤ ٹومے اینڈ پرنسپے، تنزانیہ، ترکمانستان اور زیمبیا کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکی ویزا کے لیے نئی شرط کا اعلان

ناقدین کا کہنا ہے کہ ویزا بانڈ کی بلند رقم کئی ممالک کے شہریوں کے لیے امریکی ویزا کو ناقابلِ استطاعت بنا دے گی، جبکہ امریکی حکام اس پالیسی کو امیگریشن کنٹرول اور قومی سلامتی کے لیے ضروری قرار دے رہے ہیں۔

Related Articles