میلبرن رینیگیڈز نے پاکستانی بلے باز محمد رضوان سے معافی مانگ لی، کپتان کا بڑا بیان سامنے آگیا

میلبرن رینیگیڈز نے پاکستانی بلے باز محمد رضوان سے معافی مانگ لی، کپتان کا بڑا بیان سامنے آگیا

آسٹریلیا میں میلبرن، بگ بیش لیگ میں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ریٹائرڈ آؤٹ کرنے کے متنازع فیصلے پر میلبرن رینیگیڈز کی ٹیم مینجمنٹ نے باضابطہ طور پر معذرت کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیم کے کپتان وِل سدرلینڈ اور کوچ نے محمد رضوان سے براہِ راست رابطہ کیا اور میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بگ بیش لیگ میں زبردستی باہر بلائے جانے پر محمد رضوان کا رد عمل سامنے آگیا

رپورٹ کے مطابق کپتان وِل سدرلینڈ نے رضوان سے گفتگو میں تسلیم کیا کہ میچ اس وقت انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا تھا اور دباؤ کی کیفیت میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ کپتان کے مطابق وہ اپنے رویے اور فیصلے پر شرمندہ ہیں اور محمد رضوان جیسے تجربہ کار اور مقبول کھلاڑی کے ساتھ ایسا ہونا مناسب نہیں تھا۔

وِل سدرلینڈ نے رضوان کو ایک اعلیٰ معیار کا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو دنیا بھر میں شائقین پسند کرتے ہیں اور ٹیم آپ کی قدر کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق محمد رضوان نے اس فیصلے پر ٹیم مینجمنٹ سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ ریٹائرڈ آؤٹ جیسے اقدام سے ایک کھلاڑی کی عزتِ نفس اور پیشہ ورانہ ساکھ متاثر ہوتی ہے۔

رضوان کا مؤقف تھا کہ اگر ٹیم کو اسٹرائیک ریٹ یا حکمتِ عملی پر تحفظات تھے تو انہیں ڈریسنگ روم یا میچ کے بعد بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا تھا۔

یاد رہے کہ بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں اسٹرائیک ریٹ کم ہونے کی بنیاد پر میلبرن رینیگیڈز نے محمد رضوان کو ریٹائرڈ آؤٹ کر کے میدان سے باہر بلا لیا تھا۔ یہ فیصلہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گیا۔

مزید پڑھیں:محمد رضوان سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار، پی سی بی کے سامنے کیا شرط رکھی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

شائقین کرکٹ اور سابق کھلاڑیوں نے اس اقدام کو غیر ضروری اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی کے ساتھ ایسا سلوک لیگ کے وقار کے منافی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ محمد رضوان جیسے مستقل اور ذمہ دار بیٹر کو اس طرح میدان سے واپس بلانا نہ صرف ٹیم کے اندر منفی پیغام دیتا ہے بلکہ لیگ میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعتماد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ کئی صارفین نے رینیگیڈز مینجمنٹ پر دباؤ میں غلط فیصلے کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

واضح رہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے اندرونی سطح پر بھی معاملے کا جائزہ لیا ہے اور مستقبل میں ایسے فیصلوں سے گریز کی یقین دہانی کرائی ہے۔ محمد رضوان سے معذرت کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاملات بہتر ہوں گے اور کھلاڑی اپنی توجہ دوبارہ کارکردگی پر مرکوز کر سکے گا۔

Related Articles