وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے عوام کو ان کی سرزمین پر مکمل کنٹرول دینا چاہیے اور جنگی کارروائیاں رکنی چاہیے ۔
غزہ میں پائیدار امن ہمارا مشن ہے ،وزیر اعظم نے جنگ بندی کے لیے امریکی صدر کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ دعا ہے امن کے لیے ٹرمپ کی کوششیں کامیاب ہوں ۔پاک بھار ت جنگ بندی سے ہزاروں قیمتی جانیں بچیں ، غزہ میں پائیدار امن ہمارا مشن ہے ،آزاد، خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدارامن کے لیے ناگزیر ہے ،
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اجلاس میں شرکت ان کے لیے باعثِ افتخار ہے اور وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ کے لیے کوششوں کو سراہتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرتے ہوئے جنگ روکی اور کروڑوں زندگیاں بچائیں، جس کے نتیجے میں جنوبی ایشیا کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔
شہباز شریف نے غزہ میں امن کو عالمی سطح پر ایک مشترکہ مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں اور فلسطین کے مسئلے کو بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر مکمل حقوق حاصل ہونا چاہیے اور آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کو ان کا حق دیا جائے اور آج کا دن مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے تاریخ کا سنہری باب ثابت ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور غزہ میں دیرپا امن کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ علاقے میں مستقل استحکام قائم ہو سکے۔