اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کا کویتی وزیر خارجہ سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات، اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔

گفتگو کے دوران کویتی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان، فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کی معتدل پالیسی خطے میں استحکام کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسحاق ڈار کا چینی وزیر خارجہ سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے عالمی معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر خطے میں کشیدگی بڑھی تو اس کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی تجارت، تیل کی ترسیل اور بین الاقوامی معیشت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران حکومتِ پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسائل کے پرامن حل، مذاکرات اور سفارتی رابطوں کو ترجیح دیتا ہے اور آئندہ بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

editor

Related Articles