وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ ن کے سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی دونوں کو بہترین علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات اور صحت پر بات ہوئی، قانون میں اجازت نہیں ہے کہ ان ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کریں، کامیاب ہو جائے تو وہ انقلاب کہلاتا ہے ناکام ہوئے تو غداری کہلاتا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ایک جماعت بار بار وفاق پر حملہ کرے، اس رویے کو بار بار دہرانے سے بہتری نہیں آتی، اینٹی اسٹیٹ بیانیہ بنایا گیا، اس کا ایک ایک ثبوت دوں گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے کب ملاقات کروائیں گے، انہیں ان کی مرضی کے اسپتال کب منتقل کریں گے؟
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جو اپوزیشن لیڈر نے کہا اس کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں ، ہم 15 دفعہ سپریم کورٹ، 24 دفعہ ہائی کورٹ گئے ہمیں ریلیف نہیں ملا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی ملاقات کے لیے نہیں جا سکتا کہ بتاسکے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی حالت کیسی ہے۔
اس سے قبل عمران خان کی رہائی کے حوالے سے رانا ثنا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، عدالتیں قانون اور آئین کے مطابق فیصلے سنائیں گی ، پی ٹی آئی ذہنی طور پر پستی کا شکار ہے۔