نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے واضح کیا ہے کہ آن لائن یا موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کی درخواست جمع کرواتے وقت اگر شہری دستخط فراہم نہیں کرتے تو اس صورت میں کارڈ پر دستخط کی جگہ این اے درج کر دیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق شہری جب موبائل ایپ یا دفتر کے ذریعے شناختی کارڈ کی درخواست دیتے ہیں تو دستخط دینا لازمی شرط نہیں ہے، اگر درخواست دہندہ دستخط شامل نہ کرے تو اس کے بغیر بھی درخواست مکمل طور پر قابلِ قبول ہوتی ہے۔
اتھارٹی نے مزید وضاحت کی ہے کہ موبائل ایپ کے ذریعے درخواست دیتے وقت دستخط کے علاوہ انگوٹھے کے نشان یا دیگر بایومیٹرک تصویر اپ لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی اور شہری آسانی کے ساتھ بغیر دستخط کے بھی اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
جعلی ویب سائٹس سے متعلق انتباہ
نادرا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں جو ادارے کے نام پر شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں، حال ہی میں ایک جعلی ویب سائٹ کو بند کر دیا گیا ہے جو شہریوں کو گمراہ کر رہی تھی۔
نادرا کے مطابق ایسی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا چوری کرنے کے لیے بنائی جاتی ہیں، اس لیے صرف سرکاری ویب سائٹس استعمال کی جائیں جوgov.pk ڈومین پر ختم ہوتی ہیں۔
شہریوں کے لیے ہدایت
نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک ویب سائٹ پر اپنی ذاتی معلومات فراہم نہ کریں اور شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے صرف نادرا کی آفیشل موبائل ایپ یا مستند ذرائع استعمال کریں۔